ساہیوال)ایس این این) ساہیوال سے تعلق رکھنے والی اردو ادب کی بین الاقوامی شہرت یافتہ معروف شاعره بسمل صابری انتقال کرگئیں. بسمل صابری نے اپنی منفرد شاعری سے دنیا بھر شہرت حاصل کی اور اردو شاعری میں جدید روایات قائم کیں. بسمل صابری کا اصل نام بسم اللہ بیگم صابری اور تخلص بسملؔ صابری ہے وہ 17جولائی 1937 کو ساہیوال ( پاکستان ) میں پیدا ہوئیں ۔انہوں نے ابتدائی تعلیم ساہیوال سے جبکہ اعلی تعلیم لاہور سے حاصل کی وہاں سے فراغت کے بعد گورنمنٹ گرلز کالج ساہیوال میں بطور لیکچرر مقرر ہوئیں ۔ وہاں سے پروفیسر کی حیثیت سے سبکدوش ہوئیں ۔ بسمل صابری نے متعدد بیرون ملک میں بین الاقوامی مشاعروں میں شرکت کی ۔ قیام پاکستان سے قبل ان کا شمار برصغیر کی صف اول کی خواتین شاعرات میں ہوتا تھا ۔ بسمل صابری کے اب تک 5 شعری مجموعے اور ایک نثری کتاب شائع ہو چکی ہے ۔ ان کے شعری مجموعوں میں، پانی کا گھر، یادوں کی بارشیں، روشنیوں کے رنگ، رس کی پھوہار اور ایک نعتیہ شعری مجموعہ ” بیاضِ نظر ” شامل ہیں. بسمل صابری کی نماز جنازہ آج شام 5 بج کر 30 منٹ پر طارق بن زیاد کالونی پارک ساہیوال میں ادا کی جائے گی.







