بانی پی ٹی آئی کو آج رات شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیے جانےکا امکان

1

بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو آج رات شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیے جانےکا امکان ہے، ان کی اسپتال منتقلی کے انتظامات مکمل ہیں۔آئی جی اسلام آباد نے پولیس افسران کے ہمراہ شفا انٹرنیشنل کا دورہ کرتے ہوئے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا، شفا انٹرنیشنل اسپتال کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات، پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔اسلام آباد پولیس نے شفا اسپتال آنے اور جانے والے راستے ٹریفک کےلیے بند کر دیے، اسپتال کی جانب جانے والے راستوں پر بیریئر رکھ دیے گئے۔سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو دو روز میں شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بانی پی ٹی آئی کو اسپتال منتقلی کے سوال پر کہا ہے کہ ابھی رات 12 بجے تک کا وقت ہے۔ یہ کام اسلام آباد انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، جو بھی کرنا ہے، وہ کر رہے ہیں ۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے دو دن میں بانی کو اسپتال منتقل کرنے کا کہا ہے ، امید ہے فیصلے پر عمل ہوگا اور بانی کو اسپتال منتقل کردیا جائے گا ۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان ملاقات ہونی چاہیے، ملاقاتیں ہمیشہ ہونی چاہیئں، ملاقات نہ ہونے سے مسائل جنم لیتے ہیں۔پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ملک کی سب سے بڑی قوت کو راستہ نہيں دے رہے ، ان کے لیڈر سے ملاقاتیں نہيں ہورہیں ، اسپتال جانے میں رکاوٹ ہے ، یہ چیزیں ختم ہونی چاہیيں۔خیال رہے کہ بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کے عدالتی حکم پر عمل درآمد کے لیے حکومت کے پاس رات 12 بجے تک کا وقت باقی ہے، حکم نہ ماننے پر پی ٹی آئی نے حکومت کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی کی تیاری کرلی۔ پی ٹی آئی کے وکیل کے مطابق کل پٹیشن دائر کی جائے گی۔
تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے آج کا دن فیصلہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت عدالتی حکم پر نظرِ ثانی کی درخواست واپس لے چکی۔ اب اس کے پاس بانی کی اسپتال منتقلی کے علاوہ کوئی آپشن نہیں۔اس سے پہلے رجسٹرار سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کے حکم کے خلاف نظرِ ثانی کی درخواست اعتراضات لگا کر واپس کردی تھی۔حکومت کی جانب سے اعتراضات دور کرکے نئی درخواست اب تک دائر نہیں کی گئی۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں