ساہیوال (ایس این این) ڈویژنل پبلک سکول اینڈ کالج ساہیوال میں شجرکاری مہم کے تحت ’’بوٹا لگاؤ، ساہیوال سجاؤ‘‘ کے عنوان سے ایک خصوصی کا انعقاد کیا گیا۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ تقریب میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو مرحبا نعمت، اسسٹنٹ کمشنر جنرل غلام حسین بھٹی، سکول اساتذہ، طلبہ و طالبات اور دیگر متعلقہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ درخت اور پودے انسانی زندگی کے لیے آکسیجن کا بنیادی ذریعہ ہونے کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی توازن کے قیام، درجہ حرارت میں کمی اور فضائی آلودگی کے خاتمے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شجرکاری صدقہ جاریہ ہے اور ہر شہری کی اخلاقی و سماجی ذمہ داری ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ پودے لگا کر آنے والی نسلوں کے لیے صاف، سرسبز اور صحت مند ماحول کو یقینی بنائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پائیدار ترقی کا خواب شجرکاری کے فروغ کے بغیر ممکن نہیں۔ اس موقع پر طلبہ و طالبات نے پودوں اور درختوں کی اہمیت، ماحولیاتی تحفظ اور سرسبز و شاداب پاکستان کے حوالے سے مختلف سائن بورڈز اٹھا رکھے تھے، جن کے ذریعے شجرکاری کی افادیت کو اجاگر کیا گیا۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ نئی نسل کو شجرکاری کی اہمیت سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ طلبہ مستقبل میں بھی ماحول کے تحفظ میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’بوٹا لگاؤ، ساہیوال سجاؤ‘‘ مہم کا بنیادی مقصد شہریوں خصوصاً نوجوان نسل میں شجرکاری اور درختوں کے تحفظ کے حوالے سے شعور بیدار کرنا ہے۔ ہر شہری کو چاہیے کہ وہ ایک پودا ضرور لگائے اور اس کی باقاعدہ دیکھ بھال کرے تاکہ ساہیوال کو مزید سرسبز، صاف اور خوبصورت شہر بنایا جا سکے۔







