ساہیوال(این این آئی) ساہیوال کے مختلف علاقوں میں ڈرامہ آرٹسٹ، تین طالبات سمیت چار لڑکیوں کے اغوا کے الگ الگ مقدمات درج کر لیے گئے، جبکہ ایک واقعے میں ملزمان ساڑھے دس لاکھ روپے مالیت کی نقدی اور زیورات بھی لے گئے۔پولیس کے مطابق مسو کالونی سے 17 سالہ ڈرامہ آرٹسٹ کومل کو مبینہ طور پر شہباز شیخ اپنے ساتھ لے گیا، جس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
چک 46/5-ایل میں محمد رفیق کی غیر موجودگی میں مسلح ملزمان گھر میں داخل ہوئے، ایک 13 سالہ بچی ادیبہ کو کمرے میں بند کر کے دوسری بیٹی لائبہ کو اغوا کر لیا اور جاتے ہوئے ڈیڑھ لاکھ روپے نقد اور 9 لاکھ روپے مالیت کے زیورات بھی لے گئے۔گورنمنٹ کالج برائے خواتین میں امتحان دینے آنے والی نجی کالج کی طالبہ حنا فاطمہ کو بھی کالج گیٹ سے مبینہ طور پر اغوا کر لیا گیا۔
چک 99/6-آر میں 15 سالہ طالبہ مریم کو انیس احمد جتوئی اپنے دو نامعلوم ساتھیوں کے ہمراہ اسلحے کے زور پر اغوا کرکے فرار ہوگیا۔تھانہ یوسف والا، فتح شیر اور فرید ٹان پولیس نے متاثرہ خاندانوں کی مدعیت میں اغوا اور دیگر دفعات کے تحت چار مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس کے مطابق چار مشتبہ ملزمان کو حراست میں لیا گیا ہے، تاہم مغویات تاحال بازیاب نہیں ہو سکیں۔






