ساہیوال (خصوصی رپورٹر)بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ساہیوال کے تحت منعقدہ فرسٹ ایئر اور سیکنڈ ائیر کے سالانہ امتحان 2024ء میں اُردو ، انگریزی ، فزکس اور کیمسٹری کے پیپر میں ناقص مارکنگ کا انکشاف۔ ری چیکنگ کے دوران طلباء اپنے پرچے دیکھ کر غم وغصے کا شکار۔ ناقص مارکنگ پر بورڈ سے نوٹس لینے اور ناقص مارکنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔ ذرائع کے مطابق بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے سال اول اور دوم کے بیشتر مضامین کے پرچوں میں ناقص مارکنگ کی شکایات منظر عام پر آ رہی ہیں۔ سال اول اُردو کے پیپرمیں پورے سوالات اور پرچے کی پریزینٹیشن بہترین ہونے کے باوجود کم نمبردیے گئے ہیں اور سوالات پر ٹک کے نشانات بھی موجود ہیں۔ غلطی کی نشاندہی بھی نہیں کی گئی اور نمبر بلا وجہ کاٹ لیے گئے ہیں۔ انگریزی کے پیپر میں بھی بچوں کے سوالات پر ٹک لگا کر آدھے نمبر دیے گئے ہیں ۔ فزکس اور کیمسٹری کے مختصر سوالات بالکل درست ہونے کے باوجود ایک، ایک نمبر دیا گیا اور تفصیلی سوالات میں بھی صرف 2 نمبر دیے گئے ہیں۔ متاثرہ طلبہ اور انکے والدین کے مطابق دوسرے بورڈز سے تعلق رکھنے والے اساتذہ نے مبینہ غلط مارکنگ کرتے ہوئے ملتان کے بیشترطلباء و طالبات کو کم نمبر الاٹ کیے ہیں جس سے ان کا مستقبل داؤ پر لگنے کا امکان ہے۔طلباء و طالبات اور والدین نے مارکنگ پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئےمتعلقہ اساتذہ کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ، معلوم ہوا ہے کہ سینکڑوں متاثرہ طلبہ ری چیکنگ کیلئے بورڈ میں درخواستیں جمع کرا چکے ہیں اور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ مختلف سرکاری کالجز کے لیکچررز نے بورڈ آئی ڈی جاری کروا رکھی ہے تاہم خود مارکنک کی بجائے اپنی آئی ڈی پر نوآموز ڈگری ہولڈرز سے پیپر چیک کروائے جارہے ہیں ۔