ساہیوال(ایس این این)ڈویژنل پبلک سکول اینڈ کالج ساہیوال کے پرنسپل برگیڈئر(ر) سید انوار الحسن کرمانی شاندار کیرئیر کے بعد اپنے عہدے سے سبکدوش ہوگئے۔تقریباً 18سال بطور پرنسپل ڈی پی ایس اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے انھوں نے ڈی پی ایس ساہیوال کو ہمہ جہت تعلیمی ادارہ بنایا۔ ان کی سرپرستی میں ڈی پی ایس ساہیوال نے نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں میں بےشمار کامیابیاں حاصل کیں۔یہاں سے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات دنیا بھر میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ساہیوال ایجوکیشنل ٹرسٹ کے چیئرمین اور کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے پرنسپل برگیڈئر(ر) سید انوار الحسن کرمانی کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سکول کو جس اعلیٰ تعلیمی معیار پر پہنچا دیا ہے۔ ساہیوال کے عوام ان کے تہہ دل سے شکرگزار ہیں اور ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
برگیڈئر(ر) سید انوار الحسن کرمانی کے بطور پرنسپل آخری روز بورڈ آف ٹرسٹیز کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں انہیں ڈی پی ایس کو موجودہ مقام تک پہنچانے کے کئے خراج تحسین پیش کیا گیا اور انہیں دوسروں کے لئے مشعل راہ قرار دیا۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے پرنسپل برگیڈئر(ر) سید انوار الحسن کرمانی نے بھرپور تعاون پر کمشنر شعیب اقبال سید، بورڈ ممبران ڈپٹی کمشنر ساہیوال شاہد محمود،پروفیسر قمر الزمان خان،چوہدری سلطان محمود،سید افتخار حسین شاہ،حبیب جیلانی وینس،محمد صدیق کمیانہ ایڈووکیٹ،ڈاکٹر شہزاد طاہر،شیخ بشارت ندیم،وائس پرنسپل اکبر علی،برسر کاشف ستار اور اساتذہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ڈی پی ایس میں قیام ان کی زندگی کا بہترین اثاثہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ 2007میں سکول میں طلبہ و طالبات کی تعداد صرف 2700 تھی جو اب تمام کیمپسز میں 11500 تک پہنچ چکی ہے جو سکول پر والدین کے بھرپور اعتماد کا مظہر ہے۔