ساہیوال(این این آئی) سنٹرل جیل ساہیوال میں قتل کے حوالاتی ملزم محمد اقبال کی پراسرار ہلاکت۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ساہیوال نے عدالتی تحقیقات کا حکم دے کر جوڈیشل مجسٹریٹ راؤ محمد زبیر کو انکوائری افسر مقرر کردیا ہے۔تفصیلات کے مطابق چک 58 کے دو بھائیوں محمد اقبال اور فقیر محمد کو پولیس اوکانوالہ نے قتل کے مقدمے میں گرفتار کرکے دس یوم قبل سنٹرل جیل ساہیوال منتقل کیا جہاں گزشتہ روز محمد اقبال اچانک بے ہوش ہو کر گرگیا جسے فوری طور پر ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال لایا گیا جہاں محمد اقبال نے دم توڑ دیا۔پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے سپرد کردی۔جوڈیشل مجسٹریٹ محمد زبیر نے متوفی کی موت کی عدالتی تحقیقات شروع کردی ہیں۔