نوابشاہ(ایس این این) نواب شاہ میں سرہاری ریلوے اسٹیشن کے قریب کراچی سے پنڈی جانے والی ہزارہ ایکسپریس ٹرین کی 8 بوگیاں پٹڑی سے اتر کر الٹ گئیں جس کے باعث 15 افراد جاں بحق جبکہ 40 سے زائد زخمی ہوگئے۔
حادثے کی اطلاع پر ایمبولینس و پولیس جائے حادثہ روانہ ہوگئی جبکہ حادثے کے بعد اَپ ٹریک دیگر ٹرینوں کے لیے معطل ہوگیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔تاحال کئی لوگ بوگیوں تلے دبے ہوئے ہیں جن کی تعداد کا اندازہ لگانا مشکل ہے.
حادثہ پیش آنے والی ہزارہ ایکسپریس میں 1000 سے زیادہ مسافر بک تھے، حادثہ سرہاری اسٹیشن کے ایڈوانس سگنل کے قریب پیش آیا۔ ریلیف ٹرین کوٹری اور روہڑی سے حادثے کی طرف نکل چکی ہیں۔
ترجمان پاکستان ریلویز کراچی کے مطابق بریک دیر سے لگنے کی وجہ سے حادثے نے شدت اختیار کی، متاثرہ ٹرین کی 8 بوگیاں پٹری سے اتریں۔ حادثے کے نتیجے میں کراچی سے روانہ ہونے والی ٹرینوں میں تاخیر کا امکان ہے۔