پاکستان کا سری لنکا کو وائٹ واش، دونوں ٹیسٹ جیت لیے

42

کولمبو ( اے پی پی) پاکستان نے سری لنکا کو کولمبو ٹیسٹ میں ایک اننگز اور 222 رنز سے شکست دے کر دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کردیاہے، پاکستان نے پہلی اننگز 576 رنز 5 کھلاڑی آئوٹ پر ڈیکلیئر کرکے 410 رنز کی مجموعی برتری حاصل کی، جواب میں سری لنکن ٹیم 188 رنز پر آئوٹ ہوگئی، نعمان علی نے 7 اور نسیم شاہ نے 3 وکٹیں حاصل کیں، عبداللہ شفیق کو شاندار ڈبل سنچری سکور کرنے پر پلیئر آف دی میچ اور آغا سلمان کو آل رائونڈ پرفارمنس پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، پاکستان نے دو سال بعد پہلی بار ٹیسٹ سیریز جیتی ہے۔
جمعرات کو کولمبو میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز پاکستان نے 563 رنز 5 کھلاڑی آئوٹ پر اننگز کا دوبارہ آغاز کیا، آغا سلمان 132 اور محمد رضوان 37 رنز پر کھیل رہے تھے، محمد رضوان کے نصف سنچری کرتے ہی پاکستان نے 410 رنز کی برتری حاصل کرکے اننگز ڈیکلیئر کردی۔
آغا سلمان 132 اور محمد رضوان 50 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔ پاکستان کے 410 رنز کی برتری کو ختم کرنے کے لئے سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز شروع کی تاہم وہ 188 رنز پر ہی آئوٹ ہوگئی۔
اینجلیو میتھیوز نے 63 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی۔ سری لنکن بیٹرز نے اننگز کا محتاط انداز میں آغاز کیا، اوپنرزنشان مدوشنکا اور کپتان کرونارتنے نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 69 رنز بنائے تاہم مدوشنکا 33 اور کرونارتنے 41 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے اس کے بعد سری لنکن بیٹرز کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ سری لنکا کی تیسری وکٹ 99، چوتھی 109، پانچویں 131، چھٹی 141، ساتویں 177، آٹھویں 184، نویں اور دسویں وکٹ 188 رنز پر گری۔
پاکستانی سپنر نعمان علی نے سری لنکا کی7 ابتدائی وکٹیں حاصل کر کے ٹیم کی جیت کی راہیں ہموار کیں جبکہ آخری تین وکٹیں نسیم شاہ نے حاصل کیں۔ اس طرح پاکستان نے سری لنکا کو ایک اننگز اور 222 رنز سے شکست دے کر دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کردیا ہے۔ عبداللہ شفیق میچ اور آغا سلمان سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ و اضح رہے کہ سری لنکا کی ٹیم پہلی اننگز میں 166 رنز بنا کر آئوٹ ہوئی تھی۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں