ساہیوال میں موسلا دھار بارش، متعدد علاقے زیر آب، گھروں میں پانی داخل. ذرائع کے مطابق ساہیوال میں ہونے والی موسلا دھار بارش نے شہر کا نظام زندگی درہم برہم کر دیا۔ صرف چند گھنٹوں میں11 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث شہر کے متعدد علاقے پانی میں ڈوب گئے۔بارش کے بعد صدر بازار، پاکپتن بازار ، پاشا سٹریٹ، مور ولا چوک، لیاقت روڈ، دیپالپور بازار، کربلا روڈ ،چرچ روڈ اور دیگر بازار زیر آب آ گئے، جس سے شہریوں اور تاجروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔جہاز گراؤنڈ کی گلی نمبر 9 میں سیوریج کے مین ہول بند ہونے کے باعث نکاسی آب کا نظام متاثر ہوا اور بارش کا پانی متعدد گھروں میں داخل ہو گیا، جس سے رہائشیوں کو قیمتی سامان کے نقصان کا خدشہ پیدا ہو گیا۔
اسی طرح کوٹ خادم علی شاہ، 85/6-R، غلہ منڈی اور دیگر نشیبی علاقے بھی پانی میں ڈوب گئے، جبکہ جی ٹی روڈ پر بھی بارش کا پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر نکاسی آب کے مؤثر انتظامات کیے جائیں اور بند سیوریج لائنوں کی صفائی کر کے شہریوں کو مزید مشکلات سے بچایا جائے۔