پاکپتن: دکان کی ملکیت کا تنازعہ، ملزمان نے نوجوان پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی

7

پاکپتن(ایس این این)  پاکپتن میں ہسپتال روڈ پر دکان کی ملکیت کے تنازعے پر ملزمان نے نوجوان پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی جس سے عباس نامی نوجوان جاں بحق ہوگیا۔پولیس کے مطابق آگ میں جھلسے نوجوان کو ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن 22 سالہ عباس دم توڑ گیا، مقتول کی والدہ شمیم اختر کی رپورٹ پر اقبال ڈوگر سمیت پانچ افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔لواحقین نے ہسپتال گیٹ کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ دکان قابضین نے جواں سالہ عباس کی جان لی، پولیس فوری ملزمان کو گرفتار کرکے ہمیں انصاف دلوائے۔

واقعے پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ساہیوال سے رپورٹ طلب کر لی جبکہ ڈی پی او پاکپتن کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ سفاک ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں، سخت  قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ملزمان نے دکان کی ملکیت کے تنازعے پر عباس نامی نوجوان کو پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی تھی، ملزمان کے خلاف فوری مقدمہ درج کر لیا گیا، گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔بعدازاں، آئی جی پنجاب کے حکم پر پولیس نے قتل کے الزام میں اقبال ڈوگر سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ڈی پی او طارق ولایت کے مطابق فریقین کا آپس میں دکان کی ملکیت کا تنازعہ چل رہا تھا، نوجوان کی ہلاکت کے مقدمے کو اصل حقائق اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق میرٹ پر یکسو کیا جائے گا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں