ساہیوال(ایس این این)ساہیوال بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن کے زیر اہتمام ڈویژنل پبلک سکول اینڈ کالج ساہیوال میں میٹرک امتحان 2023 کے پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔کمشنر/چیئرمین ساہیوال بورڈ شعیب اقبال سید تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔پرنسپل ڈی پی ایس برگیڈئر (ر)سید انوار الحسن کرمانی،سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر رابعہ اختر،کنٹرولر امتحانات رانا نوید عظمت، ڈائیریکٹر کالجز محمد مسعود فریدی، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق، ڈائیریکٹر سپورٹس فیاض سلیمی، ثوبیہ رزاق اور مبشر اعظم سمیت والدین،اساتذہ اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے پوزیش ہولڈرز 16 طلبہ و طالبات میں سرٹیفیکیٹس اور کتابیں تقسیم کیں اور اس شاندار کامیابی پر مبارک باد دی اور کہا کہ اس کامیابی پر انکے والدین اور اساتذہ بھی مبارکباد کے حقدار ہیں جن کی بدولت آج وہ اس مقام پر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ بچے پاکستان کا مستقبل ہیں اور انہوں نے ہی بڑے ہوکر ملک کی باگ دوڑ سنبھالنی ہے۔انہوں نے بچوں پر زور دیا کہ وہ نہ صرف اپنے اور اپنے والدین کے لئے محنت کریں بلکہ پاکستانی ہونے کے ناطے پاکستان اور پاکستانی سوسائٹی کے لئے بھی محنت کریں اور معاشرے کا کارآمد شہری بنیں۔کمشنر شعیب اقبال سید نے والدین کو بچوں کی تعلیم میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ ان کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔کنٹرولر امتحانات رانا نوید عظمت نے بتایا کہ ساہیوال بورڈ کے زیر اہتمام دسویں کے امتحانات میں 64059طلبہ و طالبات نے شرکت کی جن میں سے50455طلبہ و طالبات نے امتحان پاس کیا اور اس طرح کامیابی کا تناسب 78.76فی صد رہا۔