ساہیوال (ایس این این) ساہیوال کے علاقے کمیر میں واقع ایک دینی مدرسے میں بچوں کے ساتھ مبینہ طور پر بدفعلی اور زیادتی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد پولیس نے کارروائی کی ہے، ڈی پی او ساہیوال محمد عثمان ٹیپو کے فوری اور سخت نوٹس پر پولیس نے چھاپہ مار کر مقدمے میں نامزد مرکزی ملزم مولوی سمیت 3 افراد کو گرفتار کرلیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کمیر کے ایک دینی مدرسے میں بچوں کے ساتھ مبینہ زیادتی کی ویڈیو منظرِ عام پر آتے ہی ضلع بھر میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی، ڈی پی او ساہیوال محمد عثمان ٹیپو نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا، ڈی پی او کی سخت ہدایات پر تھانہ کمیر کی پولیس ٹیم نے فوری ایکشن لیا اور مقدمے میں نامزد تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا، جن میں ملزم مولوی عمر حیات، ملزم حافظ سانول اور ملزم احمد شامل ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق سخت تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، واقعے سے جڑے تمام ڈیجیٹل اور دیگر شواہد کو سائنسی بنیادوں پر اکٹھا کیا جا رہا ہے تاکہ عدالت میں مضبوط کیس پیش کرکے اس گھناؤنے جرم کے ذمہ داروں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔ ڈی پی او ساہیوال محمد عثمان ٹیپو نے کیس کی نگرانی کرتے ہوئے تفتیشی ٹیم کو واضح احکامات جاری کیے ہیں کہ متاثرہ بچوں کو پولیس کی جانب سے ہر ممکن قانونی اور حفاظتی تعاون فراہم کیا جائے، پورے کیس کی تفتیش کو بغیر کسی دباؤ کے سو فیصد میرٹ اور مکمل شفافیت کے ساتھ آگے بڑھایا جائے تاکہ معصوم بچوں کو انصاف مل سکے اور ملزمان کو قانون کے مطابق عبرت ناک سزا دلائی جا سکے۔







