ہوم ساہیوال ڈویژن ساہیوال: ایم ایس سائیکولوجی کی طالبہ کی خودکشی، شوہر کے خلاف مقدمہ...

ساہیوال: ایم ایس سائیکولوجی کی طالبہ کی خودکشی، شوہر کے خلاف مقدمہ درج

8

ساہیوال: نہر لوئر باری دوآب فلائی اوور سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرنے والی خاتون کی شناخت یونیورسٹی آف ساہیوال کی ایم ایس سائیکولوجی کی طالبہ ایمن جاوید کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے متوفیہ کے والد کی مدعیت میں شوہر کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔پولیس کے مطابق ایمن جاوید کے والد جاوید اقبال نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان کی بیٹی کا نکاح تقریباً تین سال قبل ہڑپہ کے رہائشی محسن شہزاد ولد اللہ بخش سے ہوا تھا جبکہ رخصتی ستمبر 2025 میں طے پائی تھی۔
درج مقدمہ کے مطابق اگست 2025 میں محسن شہزاد کی والدہ اور بہنیں آصفہ، شاہین، ثناء اور سدرہ ایمن جاوید کے گھر آئیں اور مبینہ طور پر زیورات دیکھنے کے بہانے تقریباً 5 لاکھ روپے مالیت کے زیورات لے گئیں۔ بعد ازاں ان پر زیورات چوری کرنے کا الزام عائد کیا گیا۔ شکایت میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بعد ازاں شوہر اور اس کے اہل خانہ کی جانب سے ایمن جاوید کی کردار کشی کی گئی اور اسے طلاق کی دھمکیاں دی جاتی رہیں۔مدعی کے مطابق مسلسل ذہنی دباؤ اور مبینہ ذہنی تشدد کے باعث ایمن جاوید شدید پریشانی کا شکار ہو گئی اور بالآخر 11 جولائی کو نہر لوئر باری دوآب میں چھلانگ لگا دی۔ ریسکیو 1122 کے غوطہ خوروں نے بعد ازاں اس کی لاش نہر سے برآمد کر لی۔لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا گیا۔ پولیس تھانہ سٹی ساہیوال نے جاوید اقبال کی درخواست پر محسن شہزاد کے خلاف دفعہ 322 ت پ کے تحت مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے کی تفتیش جاری ہے جبکہ ملزم تاحال گرفتار نہیں ہو سکا۔

کوئی تبصرہ نہیں

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں