ساہیوال آرٹس کونسل کے زیر اہتمام ’’جشن مہدی حسن‘‘ کے سلسلہ میں غزل نائٹ

11

ساہیوال(ایس این این )ساہیوال آرٹس کونسل کے زیر اہتمام جناح ہال میں ’’جشن مہدی حسن‘‘ کے سلسلہ میں غزل نائٹ کا اہتمام کیا گیا۔ غزل نائٹ میں مہدی حسن کے بیٹے کامران مہدی حسن، ملتان سے ابھرتی ہوئی گلوکارہ حفصہ ندیم اور ساہیوال سے دانیال رضا نے خصوصی طور پر شرکت کی اور اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ تقریب میں مہدی حسن کیسینکڑوں چاہنے والوں نے شرکت کرکے برصغیر کے اس عظیم گلوکار کو خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب کی نظامت کے فرائض ملک کے مایہ ناز کیمپئر ریاض خان نے ادا کئے جنہوں نے حاضرین کو مہدی حسن کی زندگی اور فن کے بارے آگہی دی اور کامران مہدی حسن سے اپنے والد کی زندگی کے دلچسپ واقعات سنے جسے ناظرین نے بے حد سراہا۔ پروگرام میں تینوں گلوکاروں نے مہدی حسن کے مقبول نغمات اور غزلیں گائیں جنہیں حاضرین بھی ساتھ ساتھ گنگناتے رہے۔ ڈی آئی جی جیل خانہ جات ساہیوال ملک شوکت فیروز اعوان پروگرام کے مہمان خصوصی تھے جنہوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ادب کے فروغ کے لئے ایسی تقریبات کا انعقاد بہت ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ساہیوال آرٹس کونسل ادب کے فروغ کے لئے کوشاں ہے اور ایسی تقریبات معاشرے کو خوشگوار اور پرامن رکھنے میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔ تقریب کے شرکاء نے کامران حسن مہدی کی پرفارمنس کو خوب سراہا اور امید ظاہر کی کہ ثقافت و ادب کے فروغ کے لئے ساہیوال آرٹس کونسل آئندہ بھی ایسے پروگرامز کے انعقاد کا سلسلہ جاری رکھے گی۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں