ساہیوال(ساہیوال ٹو ڈے نیوز )ملک بھر کی طرح ساہیوال میں بھی 76 واں یوم آزادی شایان شان طریقے سے منایا گیا. ساہیوال انظامیہ کے ساتھ ساتھ نجی سطح پر بھی مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا. پاکستان کے 76ویں یوم آزادی کی مرکزی تقریب کا انعقاد ساہیوال آرٹس کونسل میں کیا گیا۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید اور آر پی او محبوب رشید تقریب کی مہمان خصوصی تھے جنہوں نے پرچم کشائی کی اور پولیس دستے سے سلامی لی۔
ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈپٹی کمشنراکرام الحق، ڈی پی او فیصل شہزاد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اعزاز اسلم مارتھ، اے ڈی سی جنرل سید عثمان منیر بخاری، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ساہیوال پروفیسر ڈاکٹر جاوید اختر، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق، ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی،ڈائریکٹر کالجز پروفیسر مسعود فریدی اور سی ای او ایجوکیشن چوہدری محمد اکرام سمیت تمام محکموں کے افسران، سماجی و سیاسی شخصیات، صحافیوں، سول سوسائٹی اور شہریوں کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول سے کیا گیا۔ تقریب میں مختلف سکولز کے بچوں نے ملی نغمے، ٹیبلو پیش کیے جنہیں بے حد سراہا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے اپنے خطاب میں کہا کہ آزادی کے حصول کیلئے ہمارے آباؤ اجداد کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن کو منانے کا مقصد ملکر عہد کرنا ہے کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہر شخص پوری ایمانداری، لگن اور محنت سے اپنا اپنا کردار ادا کرے گا اور پاکستان کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں انفرادی اور اجتماعی طور پر عہد کرنا ہو گا کہ پاکستان کو اقوام عالم میں انفرادی مقام دلانے اور صف اول میں شامل کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہماری شہ رگ ہے اور اگر پاکستان ہے تو ہم ہیں۔انہوں نے کہا کہ جس طرح ہم اپنے پیاروں سے بے لوث محبت کرتے ہیں اسی طرح ملک سے بھی پیار کریں اور اس کی حفاظت کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ تمام لوگ باہمی اختلاف بھلا کر ملک و قوم کی ترقی کیلئے اپنا اپنا کردار ادا کریں۔ ریجنل پولیس آفیسر محبوب رشید نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی بنیادوں میں ہمارے بزرگوں کا خون اور پسینہ شامل ہے اور پاکستان تاقیامت قائم رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو حاصل کرنے کے لئے ہمارے آباواجداد نے جو قربانیاں دیں ہمیں اپنی نئی نسل کو ان بارے بتانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوموں کی زندگیوں میں مشکل وقت آتے جاتے رہتے ہیں اور ہمیں اپنی ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنا ہے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔ انہوں نے کہا بچے پاکستان کا مستقبل ہیں اور انہوں نے ہی ملک کی باگ دوڑ سنبھالنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کی خاطر دل و جان سے محنت کریں تاکہ پاکستان کا نام رہتی دنیا تک روشن کر سکیں۔
ساہیوال آرٹس کونسل کے زیر اہتمام آزادی تقریبات کے سلسلے میں فیملی شو کا انعقاد کیا گیا جس میں شہریوں نے بھرپور انداز میں حصہ لیا۔ موسیقی اور مزاح کے خوبصورت اشتراک سے سجی اس محفل میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اعتزاز اسلم مارتھ، اسسٹنٹ کمشنر ساہیوال محمد عظمان چوہدری اور سی ای او ایجوکیشن چوہدری اکرام نے شرکت کی۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ آزادی کا جشن منانا ہماری خوش قسمتی ہے کیوں کہ آزادی کی قدر و منزلت سے شاید ہی کوئی ناواقف ہو۔
انہوں نے کہا کہ زندہ قومیں اس بیش بہا نعمت کا سودا کسی قیمت پر نہیں کرتیں بلکہ اپنا سب کچھ لٹا کر آزادی کی نعمت کا حصول ممکن بناتی ہیں۔یہ وہ نعمت ہے اور اس کا اندازہ (صرف) وہی کرسکتے ہیں جو آزادی سے محروم ہوں۔جس طرح آج دنیا میں کئی ایسے خطے ہیں جہاں کے عوام اس جدید دور میں بھی غاصب کے تسلط سے آزادی کے حصول کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔ لہذا ہمیں آزاد وطن میں رہتے ہوئے ہر آزاد سانس کا قرض چکانا ہے۔ عوام نے اس پروگرام میں بھرپور شرکت کر کے آرٹس کونسل کی کاوش کو سراہا اور ثابت کیا کہ وطن سے محبت کے جذبے سے سر شار ہیں۔
یوم آزادی کے سلسلہ میں پرچم کشائی کی خصوصی تقریب آج یونیورسٹی آف ساہیوال کے ایڈمنسٹریشن بلاک کے باہر ہوئی جہاں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اختر نے یونیورسٹی کے دیگر انتظامی افسران اور اساتذہ کے ہمراہ قومی پرچم لہرا کر دن کا آغاز کیا۔ یونیورسٹی کے سیکورٹی عملہ نے سالانہ پریڈ منعقد کی اور سبز ہلالی پرچم کو سلامی پیش کی۔ اس موقع پر ملک و ملت کی ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا بھی کی گئی۔ اس موقع پر وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ زندہ قومیں اپنے قومی دن اور تہوار ہمیشہ شایانِ شان طریقے سے مناتی ہیں- پاکستان کی آزادی کا دن اُس تجدیدِ عہد کی دعوت دیتا ہے جِس پر عمل پیرا ہو کر ہم اچھے طالب علم، قابلِ تقلید استاد، ذمہ دار شہری اور باعثِ فخر پاکستانی قوم بن سکتے ہیں۔ سالانہ قومی تقریب کے اس موقع پر ایڈیشنل رجسٹرار سید غلام علی اصغر، ڈائریکٹر پلاننگ ڈاکٹر امین عابد، ریزیڈنٹ آفیسر ڈاکٹر طارق مسعود، ڈائریکٹر ریسرچ اور میڈیا کوارڈینیٹر ڈاکٹر محمّد ایوب، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ڈاکٹر اکرام احمد اور اسسٹنٹ رجسٹرار محمّد شہزاد بھی موجود تھے۔
ساہیوال بورڈ میں جشن آزادی کی پرقارتقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا نوید عظمت کنٹرولر امتحانات نے کہا کہ آزادی بڑی نعمت ہے ہمیں اس وطن عزیز کی قدر کرنی چاہئے آزادی کی قدر ان سے پوچھیں جوقومیں غلام ہیں ہمارے آباؤاجدادنے اس وطن کے لئے اپنی جانیں،عزتیں،گھر بار کی قربانی دی۔ رانا نویدعظمت نے کہا کہ آزادوطن کے حصول کے لئے مشاہیر پاکستان کی عملی جدوجہد قائد اعظم محمد علی جناح ؒنے اپنے اکابرین کے ساتھ مل کر تمام مشکلات کا سامنا کیا اوراپنے مقصدکے حصول میں کامیاب ہوئے-تقریب کا آغاز پرچم کشائی قومی ترانہ سے ہوا بعد ازاں تلاوت،حمدونعت شریف بھی پڑھی گئی،تقریب میں پاکستان کی آزادی کا کیک بھی کاٹا گیا-تقریب میں بورڈ کے جملہ سٹاف نے شرکت کی۔بورڈعمارت کو جھنڈیوں،غباروں اوربینرز سے سجایا گیا تھا-
یومِ آزادیِ پاکستان کے موقع پر گورنمنٹ امامیہ ایسوسی ایٹ کالج ساہیوال میں خصوصی تقریب ملی جوش و خروش سے منائی گئی۔تلاوتِ قرآن کریم کے بعد سائرن بجایا گیا۔ پرچم کشائی کے بعد قومی ترانہ پڑھا گیا اور ملک و قوم کے لیے رقت آمیز دعائے خیر کی گئی۔اس موقع پر پرنسپل پروفیسر شہزاد رفیق نے بچوں کے ہمراہ جشن آزادی کا کیک بھی کاٹا اور شجر کاری کی گئی۔
اساتذہ نے اجتماعی و انفرادی سطح پر جذبہ حب الوطنی کے فروغ پر زور دیا اور بطور استاد قلب صمیم سے اپنی ذمہ داریاں نبھانے کے فرض کا اعادہ کیا۔تقریب کے اختتام پر اساتذہ و طلباء نے کرکٹ کے مختصر نمائشی میچ کا بھی انعقاد کیا اور جیتنے والی ٹیم کو انعامات دیے گئے۔