ساہیوال: آرٹس کونسل میں جشن آزادی کی رنگا رنگ تقریب اور پرچم کشائی

6

ساہیوال(ایس این این)جشن آزادی14اگست کی مرکزی تقریب ساہیوال آرٹس کونسل میں ہوئی۔ تقریب میں ممبران صوبائی اسمبلی ملک قاسم ندیم، محمد ارشد ملک، کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید، آر پی او محبوب رشید، ڈپٹی کمشنر صائمہ علی، ڈی پی او فیصل شہزاد، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر سمیت تمام اداروں کے ڈویژنل و ضلعی سربراہان، وکلاء، تاجروں، صحافیوں، عمائدین علاقہ اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید اور سیاسی قائدین نے خطاب کیا۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ وطن عزیز لازوال قربانیوں کے بعد حاصل ہوا ہے۔ آزادی کے حصول کے لئے ہمارے اکابرین نے جو قربانیاں دی ہیں وہ تاقیامت یاد رکھی جائیں گی۔ پاکستان اللہ تعالیٰ کا انعام ہے، ہمیں پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہے، اپنے اختلافات کو ختم کرتے ہوئے پاکستان کی سالگرہ پر اسے تحفہ دینا ہے کہ ہم انفرادی اور بحیثیت قوم غیر ذمہ دارانہ روش اختیار نہیں کریں گے۔ ملک کی معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے، پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے اداروں کی معاونت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں اور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی نوجوان نسل سے جڑی ہوئی ہے۔ والدین اور اساتذہ انہیں ایمانداری اور ذمہ داری سے اپنا کردار ادا کرنے کے قابل بنائیں اور طالب علموں کو احساس ذمہ داری دلاتے ہوئے اس ملک سے محبت کا درس دیں۔ ہمیں آزادی کی نعمت کا ذمہ داری سے قدردان بننا ہے، ہمیں اس ملک سے اسی طرح محبت کرنا ہے جس طرح والدین اپنے بچوں سے اور بچے اپنے والدین سے محبت کرتے ہیں۔ پاکستان کو بہتر سے بہترین بنانے کی کاوشیں کرنا ہیں تاکہ اکابرین نے آزادی اور اس وطن کی شکل میں ہمیں جو تحفہ دیا ہے اس کی حقیقی معنوں میں قدر کر سکیں۔ ہمیں بحیثیت فرد اور بحیثیت قوم اپنی ذمہ داری کو پہچاننا ہے اور اس نعمت کی کسی سطح پر ناشکری نہیں کرنا۔ آرپی او محبوب رشید نے قوم کو جشن آزادی کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ تمام قوم بھرپور انداز میں جشن آزادی منا رہی ہے اور ملک میں سبز ہلالی پرچم کی بہار آئی ہوئی ہے جو قوم کے جوش و جذبہ کی ترجمانی ہے۔ وطن پاکستان کے ہر شہری کے چہرے پر آزادی کی خوشی عیاں ہے۔ ہمیں آزادی کی قدر کرتے ہوئے پاکستان کی خدمت کرنا ہے۔ انہوں نے تحریک پاکستان کی جدوجہد میں حصہ لینے والے افراد کو خوش قسمت قرار دیتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سسٹم سے اختلاف ہو سکتا ہے، سسٹم چلانے والوں سے اختلاف ہو سکتا ہے لیکن پاکستان سے کسی کو اختلاف نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے نوجوانوں کو پاکستان کا مستقبل قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے آنے والے کل سبز ہلالی پرچم لہراتے ہوئے ملک کی باگ ڈور سنبھالنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تاقیامت سلامت رہے گا اور اس کا سبز ہلالی پرچم ہمیشہ سربلند رہے گا۔ یہی سبز ہلالی پرچم ہماری پہچان ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور ہم دل و جان سے پاکستان کی خدمت کرتے رہیں گے۔ بعدازاں بچوں نے جشن آزادی کی مناسبت سے ٹیبلو، ملی نغمے اور ترانے پیش کئے۔ قبل ازیں پلانٹ فار پاکستان مہم کے تحت ایک بشر ایک شجر کے بینر تلے کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید، آر پی او محبوب رشید، ڈپٹی کمشنر صائمہ علی، ڈی پی او فیصل شہزاد، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ممبر صوبائی اسمبلی ملک قاسم ندیم اور محمد ارشد ملک نے پودے لگائے۔ ڈویژنل فاریسٹ آفیسر ملک وسیم سجاد نے ڈویژن میں شجرکاری کے اہداف اور مستقبل میں شجرکاری کے لئے کی گئی منصوبہ بندی سے متعلق بریفنگ دی۔ بعدازاں تقریب کے آغاز میں ایک منٹ کے لئے سائرن بجایا گیا، پرچم کشائی کمشنر شعیب اقبال سید، آرپی او محبوب رشید، ڈپٹی کمشنر صائمہ علی ، ڈی پی او فیصل شہزاد نے کی، گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور قومی ترانے کی دھن بجائی گئی۔ پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی جبکہ پولیس بینڈ نے قومی ترانے اور ملی نغموں کی دھنیں بجائی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے ڈپٹی کمشنر صائمہ علی، ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی اور سی ای او ایجوکیشن چوہدری محمد اکرام کو مرکزی تقریب کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے جشن آزادی کی تقریبات منانے کے لئے اقدامات میں بہترین ربط و رابطہ کے لئے خصوصی اقدامات پر ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر اور تمام محکموں کے ضلعی و ڈویژنل سربراہان کی کارکردگی کو سراہا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں