ساہیوال اے پی پی) کمشنر ساہیوا ل ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ محنتی اساتذہ کسی بھی تعلیمی ادارے کا وقار ہیں جن کی خدمات کو سراہا جانا چاہیے، اساتذہ کی محنت اور توجہ سے ہی نئی نسل کو با شعور اورمضبوط بنایا جا سکتا ہے۔وہ یہاں ساہیوال ایجوکیشنل ٹرسٹ کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ڈویژنل پبلک سکول کے تمام کیمپسز میں تعینات ایڈھاک اور کنٹریکٹ اساتذہ کی سروس کو ریگولر کرنے پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈی نیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈپٹی کمشنر صائمہ علی،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس ڈاکٹر سیف اللہ، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق، پرنسپل بریگیڈیئر (ر) سید انوارالحسن کرمانی اور بورڈ ممبران پروفیسر قمر الزمان خان،حبیب جیلانی وینس،ڈاکٹر شہزاد طاہر اور سید افتخار حسین شاہ اور برسر کاشف ستار نے بھی شرکت کی۔
راوی کیمپس کی وائس پرنسپل مومنہ ایزد نے اساتذہ کے نئے پے پیکجز اور ان کی پرفارمنس کو جانچنے کے لئے بنائے گئے پرفارمنس انڈیکیٹرز بارے تفصیلی بریفنگ دی جس پر کمشنر شعیب اقبال سید نے تمام سفارشات کو مزید بہتر بنانے کے لئے ایگزیکٹو کمیٹی کے سپرد کر دیا جس کی سربراہ ڈپٹی کمشنر صائمہ علی ہیں۔ اجلاس میں کیمرج سیکشن کے نئے کیمپس کی تعمیر میں تاخیر کا بھی جائزہ لیا گیا اور کمشنر نے کیمپس کی تعمیر جلد شروع کرنے کے لئے سابق ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حبیب جیلانی وینس کو پراجیکٹ ڈائریکٹر مقرر کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ کیمپس کی نئی عمارت مقررہ مدت کے اندر مکمل کی جائے تاکہ کلاسز کو حسب وعدہ اگلے سال نئے کیمپس میں شفٹ کیا جاسکے۔