اسلام آباد (آن لائن نیوز) آئی ایم ایف کی رہنمائی میں پاکستان میں شرح سود بڑھنے کا امکان ہے، ماہرین شرح سود میں ایک فیصد اضافے کا اندازہ لگا رہے ہیں۔غیرملکی خبر ایجنسی رائٹرز کا اپنے سروے میں کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی رہنمائی میں پاکستان میں شرح سود بڑھنے کا امکان ہے،بڑھتی مہنگائی کو قابو کرنے کیلئے شرح سود کو بڑھایا جاسکتا ہے، آئی ایم ایف سٹاف لیول رپورٹ میں سخت مانیٹری پالیسی جاری رکھنے پر زور دیا گیا ہے، سروے میں 16 میں سے 9 ماہرین شرح سود میں ایک فیصد اضافے کا اندازہ لگا رہے ہیں۔سروے کے 9 ماہرین سمجھتے ہیں کہ پیر کے اجلاس میں شرح سود 23 فیصد کردی جائے گی۔ اسٹیٹ بینک نے اپریل 2022 سے اب تک 12.25 فیصد شرح سود بڑھایا۔
دوسری جانب اسٹیٹ بینک کے مطابق مانیٹری پالیسی کا اجلاس پیر 31 جولائی کو ہوگا، مانیٹری پالیسی اجلاس کا فیصلہ پیر کے سہ پہر تک متوقع ہے۔ مانیٹری پالیسی کمیٹی اجلاس کے فیصلے پر گورنر جمیل احمد پریس کانفرنس کریں گے۔دوسری مقامی نیوز ایجنسی کے مطابق جمعرات کے روز انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں کمی ریکارڈ کی گئی، اوپن مارکیٹ میں ڈالر291 جبکہ انٹر بینک میں 286 روپے کی سطح پر آگیا۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ روز انٹر بینک میںڈالر کی قدر 59 پیسہ کمی سے 287.04 روپے کی سطح سے گر کر286.45 روپے پر آگئی، جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر292 روپے کی سطح سے گھٹ کر291 روپے کی سطح پر آگئی، دیگر کرنسیوں میں یورو کی قیمت فروخت 323 روپے کی سطح پر مستحکم رہی جبکہ برطانوی پاؤنڈ کی قیمت فروخت ایک روپے اضافہ سے 376 روپے کی سطح پر ریکارڈ کی گئی۔