ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں ہفتہ وار تعطیلات کے دوران تیز ہواوٴں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کی پیشگوئی کر دی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں مسلسل ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں جبکہ مغربی ہواوٴں کا سلسلہ بھی بالائی علاقوں پر موجود ہے جس کے زیر اثر 21 سے 23 اگست کے دوران کشمیر، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور اسلام آباد سمیت بالائی پنجاب کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، اٹک، سیالکوٹ، گجرانوالہ، گجرات، لاہور، قصور، شیخوپورہ اور دیگر علاقوں میں 21 اگست کی شام یا رات سے 23 اگست کی صبح تک بارش کی پیشگوئی ہے جبکہ 22 اگست کو سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ، ساہیوال، بھکر، لیہ، ڈیرہ غازی خان اور دیگر علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع سمیت کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی 21 سے 23 اگست کے دوران بارش متوقع ہے جبکہ بلوچستان کے موسیٰ خیل، بارکھان، ژوب، قلات اور خضدار میں بھی 21 اور 22 اگست کو بارش ہو سکتی ہے۔سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔







