ساہیوال:مجید امجد کی ١١٠ ویں سالگرہ پر حلقہ ارباب ذوق کا اجلاس

28
ساہیوال(ایس این این) آرٹس کونسل ساہیوال کے مجید امجد ہال میں حلقہ ارباب ذوق ساہیوال کے زیر اہتمام مجید امجد کے کُلّیات کی اشاعت پر ایک مذاکرے اورمشاعرے کا انعقاد کیا گیا۔ یہ اجلاس مجید امجد کی 110 ویں سالگرہ اور ڈاکٹر محمد افتخار شفیع کے مرتبہ “کلیات مجید امجد” کی اشاعت کے حوالے سے خصوصی اجلاس تھا۔ اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ تلاوت کلام پاک کی سعادت حافظ عمار ہانس نے حاصل کی۔ بارگاہ رسالت میں ہدیہ نعت سیف جمال نے پیش کیا۔ مذاکرے کے شرکا پروفیسر ڈاکٹر محمد افتخار شفیع ، پروفیسر ڈاکٹر ندیم عباس اشرف، علامہ عمر فاروق انشاء اور محترمہ نجمہ تبسم تھے۔ مذاکرے کے میزبان سیکرٹری حلقہ اربابِ ذوق ساہیوال محمد ندیم صادق نے شرکا سے سوالات کا آغاز کیا۔ ایک سوال کے جواب میں پروفیسر ڈاکٹر ندیم عباس اشرف نے مجید امجد اور ان کے اب تک شائع ہونے والے کلام پر روشنی ڈالی۔ عمر فاروق انشاء نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ”کلیات مجید امجد” کو از سر نو ترتیب دینا وقت کی اہم ضرورت تھی۔نجمہ تبسم نے ڈاکٹر افتخار شفیع صاحب کے مرتبہ کلیات کو سراہا۔ ڈاکٹر افتخار شفیع کلیات مجید امجد کی تدوین کے حوالے سے درپیش آنے والے مسائل اور محنت شاقہ کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ تدوین کے دوران اصل متن تک رسائی اور اس کے تعین میں انھوں نے بھرپور محنت کی۔
تمام شرکاء نے ڈاکٹر افتخار شفیع صاحب کے مرتبہ “کلیات مجید امجد” پر گفتگو کی۔ امتیاز احمد بٹ نے بھی گفتگو میں حصہ لیا۔ اس طرح مذاکرہ کا اختتام ہوا دوسری نشست میں مقامی شعرا نے مجید امجد کی روایت کی پاسداری کرتے ہوئے نظمیں پیش کیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں