ساہیوال (ایس این این) وزیراعلی پنجاب مریم نواز 22 ستمبر بروز پیر ساہیوال کا دورہ کریں گی۔ وہ عوام کی سفری سہولیات کے لئے الیکٹرک بسیں چلانے کے منصوبے کا افتتاح کریں گی۔ وزیراعلی پنجاب کے ویژن کے تحت پنجاب حکومت ساہیوال میں 26 الیکٹرک بسیں چلائے گی۔ پہلے مرحلے میں ساہیوال کے لیے 16 بسیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر شاہد محمود کی ہدایت پر سیکرٹری آر ٹی اے واصف یاسین نے شہریوں کو سفری سہولیات کے مدنظر ان بسوں کو 5 روٹس پر چلانے کا منصوبہ بنایا ہے جن میں ایک روٹ عارف والا بائی پاس سے مائی والی مسجد براستہ پاک پتن بائی پاس، پاک پتن چوک، لاری اڈہ جی ٹی روڈ، لائبریری چوک، کالج چوک، مڈھالی روڈ اور سرور چوک ہے، دوسرا روٹ کے ایف سی چوک سے نور شاہ براستہ لاری اڈہ جی ٹی روڈ، پاک پتن چوک، جوگی چوک، مشن چوک اور ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال ہوگا۔ ان آرام دہ ایئر کنڈیشنڈ بسوں کا کرایہ صرف 20 روپے فی مسافر رکھا گیا ہے۔ دیگر تین روٹس جن پر بسیں چلیں گی ان میں تیسرا روٹ اندرون بس اڈہ ریلوے روڈ سے ہڑپہ شہر براستہ اڈا بوٹی پال اور میر داد معافی، چوتھا روٹ ایڈمور پمپ فرید ٹاؤن سے یوسف والا براستہ مسجد شہداء، بورڈ آفس، کالج چوک، مال منڈی چوک، مشن چوک، گرلز کالج، بھٹہ پمپ اور جھال روڈ اور پانچواں روٹ بیرون لاری اڈہ سے کمیر براستہ شریں موڑ اور اڈا شبیل ہو گا۔