چیچہ وطنی(ایس این این) کھیل طلبا کوتحمل رواداری اور برداشت کے جذبے سے روشناس کر اتے ہیں۔ تعلیم کے ساتھ تفریح کا عنصر طلبا کی کردار سازی کا موثر ذریعہ ہے۔ یہ بات گورنمنٹ کالج آف کامرس چیچہ وطنی کے پرنسپل عاصم محمود خان نے ڈی پی ایس چیچہ وطنی میں منعقدہ سپورٹس گالا کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھاکہ کھیلوں کے میدان سجنے سے ہمارے بچوں میں معاشرتی ترقی اور قومی خدمت کا جذبہ پیدا ہوتا ہے ۔
ڈی پی ایس میں منعقد ہونے والے سپورٹس گالا میں سکول اور کالج کلاسز کے درمیان کرکٹ، فٹ بال ، رسہ کشی، بیڈ منٹن، دوڑ اور سائیکلنگ کے مقابلے منعقد ہوئے۔ کرکٹ میں سال اول ، رسہ کشی میں جماعت دہم جبکہ بیڈ منٹن اور فٹ بال میں سال دوم نے کامیابی حاصل کی۔ دو روزہ سپورٹس گالا کی اختتامی تقریب میں کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ وائس پرنسپل مدثر رضوان نے کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر منتظمین محمد عرفان، اسامہ حیدر، شاہد سلطان اور محمد طاہر کو مبارک باد دی۔