ساہیوال(این این آئی) گرینڈ ٹیچرز الائنس کے زیر اہتمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ساہیوال کے باہر ہزاروں اساتذہ نے ہفتہ کوایک بہت بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا اوردھرنادیا۔ اس دوران کمشنر روڈ ڈپٹی کمشنر روڈ اور تمام شاہراہیں بند رہی اور خواتین اساتذہ نے بھی شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین رانا انورا لحق، تنویر احمدکمالوی، ڈاکٹر سجاد صادق فریدی ، ذوالقرنین ملک، رانا راشد علی، منیر حسین انجم، ڈاکٹر عابدموسیٰ جتوئی، چوہدری جعفر عظیم جٹ، شہباز احمد ملک، عابد شجاع ملہی، محمد نعیم، سردار فیضان خالد ڈوگر ، شفیق بٹ، عظیم سومرو، چوہدری محمد شفیق ، رائے مظہر احمد بشیرا، محمد اویس صادق ، امانت علی اور محمد سلیمان نے اساتذہ کو دئیے گئے شو کاز نوٹس واپس لینے، سکولوں کی نجکاری کا فیصلہ واپس لینے اور اساتذہ کیخلاف انتقامی کارروائیاں بند کرنے، تعلیمی اداروں کی آئوٹ سورسنگ، لیو انکیش منٹ سروس رولز میں ترامیم، ایس ایس ایز /اے ڈی اوز کی مستقلی ،پے اینڈ سروس پروٹیکشن جیسے اقدامات کرنے کا سلسلہ بند کرنے کا مطالبہ کیاہے۔مقررین نے کہاکہ اگر ہمارے مطالبات فوری طور پر تسلیم نہ کیے گئے اور اساتذہ کے خاندانوں کو بے روزگار کرنے کی سازشیں بند نہ ہوئی تو اساتذہ احتجاجی دھرنے اور مظاہرے کرنے کے علاوہ تالا بندی جیسے اقدامات سے گریز نہیں کریں گے ،لاہور لانگ مارچ احتجاجی تحریک کو کامیاب کرانے کے لیے کریں گے،حالات کی تمام تر ذمہ داری حکمرانوں پر عائد ہو گی۔