ساہیوال ایجوکیشن ٹرسٹ کا اجلاس، سالانہ بجٹ اور تنخواہوں میں اضافے کی منظوری

106

ساہیوال(ایس این این) ساہیوال ایجوکیشنل ٹرسٹ کے بورڈ آف ٹرسٹیز کا اجلاس۔ ٹرسٹ کے زیر اہتمام چلنے والے تینوں کیمپسز کے سالانہ بجٹ کی منظوری۔ اساتذہ اور ملازمین کی تنخواہوں میں بھی 10 فیصد اضافہ کے منظوری۔ نئے بھرتی ہونے والے جونیئر اور سینیئر ایجوکیٹرز کی ابتدائی تنخواہ بھی بالترتیب 45 ہزار اور 50 ہزار روپے ہو گی۔ اجلاس کی صدارت کمشنر ساہیوال/چیئرمین ٹرسٹ ڈاکٹر آصف طفیل نے کی جبکہ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر شاہد محمود، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن/سیکرٹری ٹرسٹ ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ شفیق احمد ڈوگر، پرنسپل ڈی پی ایس اکبر علی اور ممبران چوہدری سلطان محمود، محمد بشارت ندیم، مہر اللہ یار خان، ہارون رشید اور برسر کاشف ستار شریک ہوئے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ موجودہ مالی سال کے دوران کیمبرج کیمپس کی تعمیر کے لئے 25 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں تاکہ تعمیراتی کام جلد مکمل کر کے کلاسز نئے کیمپس میں شفٹ کی جا سکیں۔ علاوہ ازیں ڈی پی ایس مین کیمپس میں طلبہ کو مختلف سہولیات کی فراہمی کے لئے 95 لاکھ روپے، چیچہ وطنی کیمپس کے لیے 73 لاکھ روپے اور راوی کیمپس کے لئے 65 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ اجلاس میں تمام کیمپسز کے روزمرہ معاملات کو چلانے کے لیے وائس پرنسپلز کو بھی مالی اختیارات دینے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے انٹرمیڈیٹ امتحانات میں ڈی پی ایس کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور ہدایت کی کہ غیر معمولی نتائج دینے والے اساتذہ کو اعزازیہ بھی دیا جائے تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہو سکے۔ انہوں نے ڈی پی ایس اساتذہ کی طرف سے ٹیویشن پڑھانے کے رجحان پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے پرنسپل کو ہدایت کی کہ ڈی پی ایس کا کوئی ٹیچر ڈی پی ایس کے بچوں کو ٹیوشن پڑھائے تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں