پی ٹی آئی کا اسلام آباد میں احتجاج ختم کرنے کا اعلان

45

تحریک انصاف نے اسلام آباد میں احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔پولیس نے اسلام آباد میں سینکڑوں مظاہرین کو گرفتار کر لیا ہے، جناح ایونیو، سیونتھ ایونیو سے مظاہرین درجنوں گاڑیاں چھوڑ کر فرار ہوئے ہیں۔ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں پُرامن مظاہرین کے خلاف بربریت کا مظاہرہ کیا گیا، دعویٰ کیا کہ شہید کیے گئے 8 کارکنوں کے کوائف آچکے ہیں۔

پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ قتل اور آپریشن کی مذمت کرتے ہیں، کارکنوں کو سیدھی گولیاں ماری گئیں، ہم حکومتی منصوبے کے پیشِ نظر احتجاج منسوخ کررہے ہیں۔بانی پی ٹی آئی کی ہدایات کی روشنی میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔واضح رہے کہ اسلام آباد میں بلیو ایریا میں خیبر چوک کے قریب پی ٹی آئی مظاہرین کے خلاف پولیس نے آپریشن کرتے ہوئے متعدد مظاہرین کو گرفتار کر لیا جبکہ کچھ کارکن بھاگ نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ بلیو ایریا اس وقت مکمل طور پر کلیئر کروا لیا گیا ہے، علاقہ کلیئر کروانے کے بعد اس وقت وہاں کوئی آپریشن نہیں کیا جا رہا۔

دوسری جانب منگل کی رات گئے  پی ٹی آئی مظاہرین کے خلاف آپریشن مکمل ہونے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کی سڑکوں کو بحال کرنا ترجیح ہے، جمعرات سے اسکول کھل جائیں گے اور موبائل سروس بھی آج صبح تک بحال کردی جائے گی۔وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سے کہتا ہوں اب بس کریں ، کب تک ایسا کریں گے۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور اور بشریٰ بی بی ابھی تک فرار ہیں، افغان باشندوں کے حوالے سے فیصلہ کر لیا گیا ہے اور جلد فیصلے سےآگاہ کیا جائے گا، دھونس دھمکی کے ساتھ کبھی مذاکرات نہیں ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پورے اسلام آباد کو صبح تک مکمل کلیئر کردیں گے،فساد میں جو بھی ملوث ہے سب کیخلاف ایف آئی آر ہوگی، ایک دو نہیں ، پی ٹی آئی کے ہزاروں کارکن بھاگے ہیں۔محسن نقوی نے اسلام آباد میں صورتحال کو کنٹرول کرنے پر پولیس اور رینجرز کے جوانوں کا شکریہ ادا کیا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں