ساہیوال: ڈی پی ایس کے ایڈہاک ٹیچرز کے کنٹریکٹ میں 1 سال کا اضافہ

67

ساہیوال (ایس این این)ساہیوال ایجوکیشنل ٹرسٹ کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے96ویں اجلاس کا انعقاد، ڈی پی ایس راوی کیمپس اور کیمبرج سکول میں تعینات ٹیچرز کے کنٹریکٹ میں ایک سال کی توسیع کا فیصلہ، مستقبل میں ڈی پی ایس میں تعینات ہونے والے تمام ٹیچرز کنٹریکٹ پر ہی بھرتی کئے جائیں گے، بورڈ کا فیصلہ۔ اجلاس کی صدارت کمشنر ساہیوال/چیئرمین ساہیوال ایجوکیشنل ٹرسٹ شعیب اقبال سید نے کی جبکہ اس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر صفدر حسین، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی اور پرنسپل برگیڈئر(ر) سید انوار الحسن کرمانی سمیت بورڈ ممبران پروفیسر قمر الزمان خان، چوہدری سلطان محمود، ڈاکٹر شہزاد طاہر، میاں محمد صدیق کمیانہ ایڈوکیٹ، سید افتخار حسین شاہ اور حبیب جیلانی وینس نے بھی شرکت کی۔ کالج کے برسر کاشف ستار نے کنٹریکٹ ملازمین بارے بریفنگ دی اور بتایا کہ راوی کیمپس میں 31اور کیمبرج سکول میں 7 اساتذہ کنٹریکٹ پر کام کررہے ہیں۔بورڈ نے ان ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی بھی منظوری دی۔ بورڈ اجلاس میں مین کیمپس اور راوی کیمپس میں کام کرنے والے نان ٹیچنگ سٹاف کے کنٹریکٹ میں بھی اضافے کی منظوری دی گئی۔ بورڈ ممبر حبیب جیلانی وینس نے اجلاس کو کیمبرج کیمپس کی نئی عمارت کی تعمیر بارے بریفنگ دی اور بتایا کہ عمارت کی تعمیر کے لئے ٹینڈر طلب کر لئے گئے ہیں اور تعمیراتی کام اگلے ماہ سے شروع کرایا جائے گا۔ اجلاس میں پرنسپل برگیڈئر(ر) سید انوارالحسن کرمانی نے اپنی صحت کے مسائل کے سبب پرنسپل کے عہدے سے سبکدوش کرنے کی درخواست کی جس پر کمشنر نے ان کی ادارے کے لئے شاندار خدمات کو سراہا اور انہیں متبادل کے انتخاب تک کام جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں