ساہیوال(ایس این این)ساہیوال بورڈ نے انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحانات 2024کے نتائج کا اعلان کر دیا،نتائج کا اعلان کمشنر ساہیوال/ چیئرمین بورڈ شعیب اقبال سید نے اپنے دفتر میں کیا۔ امتحانات میں 45519 طلبہ و طالبات نے شرکت کی جن میں سے 25177 طلبہ و طالبات نے کامیابی حاصل کی اور اس طرح کامیابی کا تناسب 55.31 فی صد رہا۔ڈی پی ایس اوکاڑہ کے محمد عبداللہ نے 1155نمبر وں کے ساتھ بورڈ میں پہلی پوزیشن حاصل کی، ڈی پی ایس ساہیوال کی بسمہ منظور نے 1149نمبر وں کے ساتھ دوسری جبکہ بورڈ میں تیسری پوزیشن مشترکہ طور پر ڈی پی ایس چیچہ وطنی کے محمد عبداللہ اور ڈی پی ایس اوکاڑہ کے محمد حسان نے 1148نمبروں کے ساتھ حاصل کی۔ کمشنر /چیئرمین بورڈ شعیب اقبال سید نے بتایا کہ انٹرمیڈیٹ امتحانات میں 33061 ریگولر طلبہ و طالبات نے شرکت کی جن میں سے20609کامیاب ہوئے اور ان کی کامیابی کا تناسب 62.34فی صد رہا۔ اسی طرح 12458پرائیویٹ طلبہ و طالبات نے امتحانات میں شمولیت کی جن میں سے 4568 کامیاب ہو سکے اور ان کی کامیابی کا تناسب 36.67فی صد رہا۔کمشنر شعیب اقبال سید نے کامیاب ہونے والے طلبہ و طالبات، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دی۔ ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، کنٹرولر امتحانات رانا نوید عظمت اور سیکرٹری بورڈ شیر باز بھی موجود تھے۔