بھارت کے لیجنڈری اداکار اور اپنے بےباک تبصرے کی وجہ سے مشہور نصیر الدین شاہ نے اس مرتبہ فلم انڈسٹری کی کمائی پر ہی ضرب لگادی، ان کا کہنا ہے کہ اس کی کمائی کا زیادہ حصہ ’شیطان‘ لے جاتے ہیں۔نصیر الدین شاہ نے فلم ڈسٹری بیوٹرز اور ایگزی بیٹرز کو شیطان قرار دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک تقریب کے دوران میڈیا سے غیر رسمی بات چیت میں نصیر الدین شاہ نے کہا کہ جب کوئی فلم اچھی چلنے لگتی ہے تو اس کی ساری کریم تو شیطان لے جاتے ہیں۔ فلم سازی کے دوران کام کرنے والے کچھ شعبوں میں ملازمین کی کم تنخواہ پر بات کرتے ہوئے نصیر الدین شاہ کا کہنا تھا کہ یہ ایک کڑوی سچائی ہے کہ جو لوگ انتہائی سخت محنت کرتے ہیں ان ہی کی اجرت سب سے کم ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وہ سامان اٹھا کر چلتے ہیں، تاروں کی حفاظت کےلیے کمر تک کے پانی میں شوٹ ختم ہونے تک کھڑے رہتے ہیں جبکہ ایسے ملازمین سے کوئی ایک پیالی چائے یا ایک گلاس پانی کو بھی نہیں پوچھتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے افراد کی تنخواہ ان افراد کی تنخوا کا ایک ہزارواں حصہ ہے جو لوگ پنکھوں کے نیچھے بیٹھتے ہیں، شربت پیتے ہیں اور اپنا رعب جماتے ہیں۔نصیر الدین شاہ نے کہا کہ فلم کے مکمل ہونے تک یہ لوگ کام کرتے ہیں اور جب فلم کامیاب ہوجائے تو ڈسٹری بیوٹرز اور ایگزی بیٹرز نام کے شیطان اس کی ملائی کھاجاتے ہیں اور وہ لوگ جو ہمارے خوابوں کو سچ کرتے ہیں، انہیں نہ کوئی جانتا ہے، نہ ان کی عزت کی جاتی ہے اور نہ ہی کوئی ایوارڈ دیا جاتا ہے۔