لاس اینجلس: عالمی یہودی تنظیم نے بھارتی فلم بوال کو ایمازون پرائم سے ہٹانے کا مطالبہ کردیا۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق یہودیوں کے حقوق کی تنظیم ’’سائمن ویسنتھل سینٹر‘‘ نے ایمازون پرائم کو خط میں اسٹریمنگ سروس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بالی ووڈ فلم بوال کو ہولوکاسٹ کی “غیر حساس تصویر” دکھانے پر اپنے پلیٹ فارم سے ہٹائے۔
سائمن ویسنتھل سینٹر کا کہنا ہے کہ فلم میں “لاکھوں افراد کے منظم قتل عام” کو معمولی انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ ایمازون پرائم فلم کو “مونیٹائز کرنا” بند کرے اور اسے فوری طور پر اپنے پلیٹ فارم سے ہٹا دے۔فلم ’بوال‘ میں ہسڑی کے اسکول ٹیچر اجے (اجو بھائی) کا کردار اداکار ورون دھون اور ان کی بیوی نشا کا کردار اداکارہ جھانوی کپور نے ادا کیا ہے اور اس فلم کے ڈائریکٹر نتیش تیواری ہیں۔بوال کی کہانی ایک چھوٹے شہر میں تاریخ کے ٹیچر اجے ڈکشٹ اور اس کی بیوی نشا کے گرد گھومتی ہے، وہ دونوں جنگ عظیم دوئم کے علاقوں میں جانے کا سوچتے ہیں اور پولینڈ، نیدرلینڈز اور جرمنی جاتے ہیں۔فلم کے کردار جرمنی کے مشہور نازی کیمپ میں جاتے ہیں جہاں وہ اپنے رشتے کی پیچیدگی اور مسائل کا ہولوکاسٹ سے موازنہ کرتے ہیں۔