ڈی پی ایس کیمبرج کیمپس کی منظوری، ایڈہاک اساتذہ کے نئے پے سکیل متعارف

50

ساہیوال (ایس این این)ڈویژنل پبلک سکول اینڈ کالج ساہیوال کے بورڈ آف ٹرسٹیز نے نئے کیمبرج سکول کیمپس کی تعمیر کے لئے کنٹریکٹ ایوارڈ کرنے کی منظوری دے دی۔بورڈ اجلاس کمشنر ساہیوال/چیئرمین ساہیوال ایجوکیشنل ٹرسٹ شعیب اقبال سید کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر صفدر حسین، اے ڈی سی ریونیو اعتزاز اسلم مارتھ، پرنسپل برگیڈئر (ر) سید انوار الحسن کرمانی، وائس پرنسپل اکبر علی، بورڈ ممبران پروفیسر قمر الزمان خان، حبیب جیلانی وینس اور سید افتخار علی شاہ اور برسر کاشف ستار نے بھی شرکت کی۔ حبیب جیلانی وینس نے منصوبے بارے تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ 23کروڑ روپے کے تخمینہ کے لئے 5 کمپنیوں نے ٹینڈر جمع کروائے جس میں سے15.54فی صد کم بولی دینے پر میسرز چوہدری بلڈز کو یہ کام19کروڑ47لاکھ69ہزار روپے پر ایوارڈ کرنے کی تجویز ہے۔ کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے نئے کیمپس کا کنٹریکٹ ایوارڈ کرنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ کیمپس کی تعمیر مقررہ ایک سال کے اندر ہر صورت مکمل کی جائے۔ انہوں نے کام کی کوالٹی کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مستقبل میں تمام نئے ٹیچرز کی بھرتی 3سالہ کنٹریکٹ پر ہوگی جسے اچھی کارکردگی پر مزید بڑھایا جاسکے گا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈی پی ایس ساہیوال میں نئے بھرتی ہونے والیسینئر ٹیچرکو 55ہزار روپے اور جونیئر ٹیچر کو45ہزار روپے تنخواہ دی جاتی ہے جبکہ فیصل آباد ڈی پی ایس دونوں کیٹیگری میں 38ہزار روپے اور اوکاڑہ ڈی پی ایس میں 30ہزار روپے ادا کرتے ہیں۔ کمشنر نے نئے بھرتی ہونے والے اساتذہ کے لئے نئے سروس رولز تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے مختلف اداروں کی جانب سے سکول میں بچوں کے ٹیسٹ لینے سے بھی منع کر دیا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں