ڈی پی ایس ساہیوال میں کیمبرج سکول کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

156

ساہیوال(ایس این این)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے ڈویژنل پبلک سکول ساہیوال میں کیمبرج سکول کیمپس کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ دیا،سکول کی تین منزلہ عمارت پر لاگت کا کل تخمینہ 45کروڑ روپے لگایا گیا ہے جبکہ پہلے مرحلے میں 15کروڑ روپے سے پہلی منزل تعمیر کی جائے گی جس میں 16کلاس رومز ہونگے۔سنگ بنیاد رکھنے کی خصوصی تقریب میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر،پرنسپل برگیڈئر (ر)سید انوار الحسن کرمانی اور بورڈ آف ٹرسٹیز کے ممبران چوہدری سلطان محمود،پروفیسر قمرالزمان خان،سید افتخار حسین شاہ، حبیب جیلانی وینس،ڈاکٹر شہزاد طاہر چوہدری،شیخ بشارت ندیم،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ،ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق سمیت وائس پرنسپل اکبر علی، سیکشن ہیڈ کیمبرج سکول مسز مومنہ ایزد اور فیکلٹی ممبران اور طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔

اس موقع پر کمشنر شعیب اقبال سید نے اظہار خیال کرتے ہوئے کیمبرج سکول کے قیام کو شہر میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لئے ایک بہترین اضافہ قرار دیا اور کہا کہ اس سے والدین کا ایک دیرینہ مطالبہ پورا ہوگا۔ انہوں نے شہر کے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ کیمپس کی تعمیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ اسے بروقت مکمل کیا جا سکے۔ اپنے خطبہ استقبالیہ میں پرنسپل برگیڈئر(ر) سید انوار الحسن کرمانی نے بتایا کہ ڈی پی ایس میں ہونے والی تمام ڈویلپمنٹ سکول کے فنڈز سے ہی کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیمبرج سکول کی تعمیر میں تمام سٹاف اپنی ایک دن کی تنخواہ عطیہ کریں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تین منزلہ سکول کا کورڈ ایریا 80709سکوائر فٹ ہوگا جس میں 48 کلاس رومز اور دوسری تعلیمی سہولیات مہیا ہونگی جبکہ پہلے مرحلے میں 31ہزار سکوائر فٹ میں 16کلاس رومز تعمیر کئے جائیں گے اور اسے دو سال کی مدت میں مکمل کر لیا جائے گا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں