Home / خبریں / کمشنر ساہیوال کی زیر صدارت محرم الحرام کی تیاریوں کے حوالے سے اہم اجلاس
commissioner sahiwal meeting 2022

کمشنر ساہیوال کی زیر صدارت محرم الحرام کی تیاریوں کے حوالے سے اہم اجلاس

کمشنر ساہیوال سلوت سعید نے ڈویژن کے تمام بلدیاتی اداروں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ عزاداروں کی سہولت کیلئے ذوالجناح کے تمام روٹس پر صفائی، سڑکوں کے پیچ ورک اور سٹریٹ لائٹس کی مرمت جلد مکمل کی جائے اور جلوسوں کے راستوں میں کہیں بھی بارش یا سیوریج کا پانی کھڑا نہ ہو۔

بارش کی صورت میں پانی کی فوری نکاسی کیلئے مکمل تیاری رکھی جائے اور عملے کی ڈیوٹیاں لگا کر ان کی حاضری یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے یہ ہدایت اپنے دفتر میں ہونے والے ایک خصو صی اجلاس میں کی جس میں محرم الحرام کی تیاریوں کے ساتھ ساتھ متوقع سیلاب سے نمٹنے اور لمپی سکن بیماری کی روک تھام کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز ساہیوال اور اوکاڑہ سمیت متعلقہ محکموں کے ڈویژنل و ضلعی افسران نے بھی شرکت کی۔ کمشنر سلوت سعید نے ساہیوال شہر کے بعض علاقوں میں بارش کا پانی ابھی تک نکالے نہ جانے پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا اور سختی سے ہدایت کی کہ شہر سے پانی کی مکمل نکاسی کو فی الفور یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے پچھلے ایک ہفتے کے دوران شہر میں صفائی کی صورتحال خراب ہونے پر ناراضگی کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ سیکنڈ شفٹ کے سینٹری ورکرز ہر صورت ڈیوٹی پر موجود رہیں اور ان کی حاضری یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے تاجر برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ مارکیٹوں کی صفائی میں بلدیاتی اداروں کی مدد کریں اور دوکانوں کی صفائی کے بعد کوڑا کرکٹ سڑک پر رکھنے کی بجائے قریبی ڈسٹ بن میں ڈالیں۔

اجلاس میں دریاؤں میں پانی کی صورتحال کا بھی جائرہ لیا گیا اور بتایا گیا کہ دریائے راوی اور ستلج اپنے اپنے ہیڈورکس پر معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں۔

کمشنر سلوت سعید نے متعلقہ محکموں کو سیلاب کے ممکنہ خطرے سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کی اور محکمہ صحت اور لائیوسٹاک پر زور دیا کہ وہ ادویات کا وافر ذخیرہ رکھیں جبکہ محکمہ زراعت وافر چارے کا بھی انتظام رکھے۔ انہوں نے محکمہ انہار کو دریاؤں کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھنے کی بھی ہدایت کی۔

ایڈیٹر ارشد فاروق

ارشد فاروق بٹ کالم نگار اور بلاگر ہیں۔ ساہیوال ٹائمز پر آپ خبروں کی کیٹیگری اپڈیٹ کرتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔