Home / صحت / ضلع کونسل ہال ساہیوال میں عالمی یوم آبادی سیمینار کا انعقاد
Seminar in Sahiwal

ضلع کونسل ہال ساہیوال میں عالمی یوم آبادی سیمینار کا انعقاد

محکمہ بہبود آبادی ساہیوال نے عالمی یوم آبادی کے موقع پر ضلع کونسل ہال میں سیمینار کا انعقاد کیا۔ سیمینار کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر محمد خضر افضال چوہدری تھے. جبکہ مہمانان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر صولت حیات وٹو اور ڈائریکٹر کالجز پروفیسر محمد مسعود فریدی تھے۔

ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر شاہد رضا خان نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد خضر افضل چوہدری نے کہا کہ سیمینار کا مقصد آبادی کو بڑھتی ہوئی آبادی کے نقصانات کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آبادی کو کنٹرول کرنے کے لیے کم عمری کی شادی کے رجحان کی حوصلہ شکنی کی جائے۔ انہوں نے سیمینار کے شرکاء پر زور دیا کہ وہ اپنے اردگرد کے لوگوں کو چھوٹے خاندان کے فوائد سے آگاہ کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والوں کو اوپر لانے کے لیے آبادی پر کنٹرول بہت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ دو بچوں کے ساتھ خوش حال خاندان کا پیغام گھر گھر پہنچایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پاکستان کا آبادی کے لحاظ سے دنیا میں پانچویں نمبر پر ہونا پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک کے لیے تشویشناک ہے۔

موجودہ حالات میں آمدنی کے مطابق خاندان کو منظم کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل آپ کے ہاتھ میں ہے اور آبادی میں تیزی سے اضافہ بہت سنگین مسئلہ ہے۔ اس لیے آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کے لیے اس پر قابو پانا بہت ضروری ہے۔

ڈسٹرکٹ پاپولیشن آفیسر شاہد رضا خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس تقریب کا مقصد لوگوں کو چھوٹے خاندان کی افادیت اور آبادی کو کنٹرول کرنے کے بارے میں آگاہ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وسائل اور آبادی میں توازن صحت مند معاشرے اور خوشحالی کا ضامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہات میں خاندانی منصوبہ بندی کے بارے میں مزید آگاہی فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت سمیت بنیادی ضروریات کی بہترین سہولیات سے مستفید ہونے کے لیے آبادی کو کنٹرول کرنا ہوگا۔

بڑھتی ہوئی آبادی قومی وسائل کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے اس لیے چھوٹے خاندانوں کی تشکیل وقت کی ضرورت ہے۔ تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر محمد خضر افضال چوہدری کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔

ایڈیٹر ارشد فاروق

ارشد فاروق بٹ کالم نگار اور بلاگر ہیں۔ ساہیوال ٹائمز پر آپ خبروں کی کیٹیگری اپڈیٹ کرتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔