Home / خبریں / کمشنر ساہیوال ڈویژن سلوت سعید نے شجرکاری مہم کا افتتاح کر دیا
commissioner sahiwal

کمشنر ساہیوال ڈویژن سلوت سعید نے شجرکاری مہم کا افتتاح کر دیا

کمشنر ساہیوال ڈویژن سلوت سعید نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں ماحولیاتی آلودگی انسانی بقاء کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے جسے کم کرنے کیلئے درختوں کا بنیادی کردار ہے۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ زیادہ سے زیادہ شجرکاری کی جائے تاکہ بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔

یوم آزادی کے موقع پر ڈویژن کے تمام کالجز اور سکولوں میں خصوصی شجرکاری کی جائے اور طلبہ و طالبات کو اس اہم قومی فرض میں شامل کیا جائے۔

انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں امرود کا پودا لگا کر موسم برسات کی شجرکاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہی جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ احمد خاور شہزاد، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق، ڈویژنل فاریسٹ آفیسر وسیم سجاد ملک اور ایکسین فاریسٹ محمد اقبال چوہدری نے شرکت کی۔

پودا لگانے کے بعد ایک آگہی واک بھی کی گئی۔ کمشنر ساہیوال سلوت سعید نے ہدایت کی کہ ڈویژن میں یوم آزادی کا مبارک دن تعلیمی اداروں میں یوم شجرکاری کے طور پر بھی منایا جائے تاکہ شجرکاری کی اہمیت سے نوجوان نسل کو آگاہ کیا جائے۔

ڈویژنل فاریسٹ آفیسر وسیم سجاد ملک نے بتایا کہ موسم برسات کی شجرکاری مہم کے دوران ڈویژن کے تینوں اضلاع ساہیوال، اوکاڑہ اور پاکپتن میں 25 لاکھ پودے لگائے جائیں گے جبکہ سرکاری نرسریوں میں 45 لاکھ پودے دستیاب ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ یہ تمام پودے ڈویژن کے دوردراز علاقوں میں قائم سیل پوائنٹس پر 2 روپے فی پودا دستیاب ہیں۔ کمشنر ساہیوال سلوت سعید نے ڈویژن کے عوام کی آگہی کیلئے ان سیل پوائنٹس کی تشہیر کرنے کی خصوصی ہدایت کی۔

ایڈیٹر ارشد فاروق

ارشد فاروق بٹ کالم نگار اور بلاگر ہیں۔ ساہیوال ٹائمز پر آپ خبروں کی کیٹیگری اپڈیٹ کرتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔