لاہور (ایس این این) حکومت کا پٹرول کی قیمت میں صرف 1 روپے 86 پیسے کمی کا اعلان، عالمی مارکیٹ میں تیل سستا ہونے کے باوجود پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی نہ ہو سکی، نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق عوام کی جانب سے یکم ستمبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کیلئے لگائی گئی تمام امیدوں پر پانی پھر گیا۔حکومت نے یکم ستمبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کا اعلان کر دیا۔ حکومت کے اعلان کے مطابق یکم ستمبر سے پٹرول کی قیمت میں 1 روپے 86 پیسے، ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 32پیسے، لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 97 پیسے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 2 روپے 15 پیسے کمی کر دی گئی۔ یوں پٹرول کی نئی قیمت 259 روپے 10 پیسے، ڈیزل کی نئی قیمت 262 روپے 75 پیسے مقرر کر دی گئی۔
بتایا گیا ہے کہ یکم ستمبر سے ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں ڈھائی روپے جبکہ پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے کمی کی تجویز دی گئی۔ اس سے قبل میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ اوگرا اور آئل مارکیٹ کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کے حوالے سے ورکنگ مکمل کرلی گئی، جس کے تحت یکم ستمبر سے پٹرول 5 روپے فی لٹر اور ڈیزل کے نرخ 6 روپے فی لٹر سستا ہو سکتا ہے۔واضح رہے کہ عالمی سطح پر خام تیل کی قیمت 79 بیرل تک آچکی ہے۔ دوسری جانب اوگرا نے ماہ اگست کے اختتام پر ماہ ستمبر کیلئے ایل پی جی کی نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا۔ اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق 6 روپے 99 پیسے فی کلو گرام اضافہ سے ایل پی جی کی نئی سرکاری قیمت 244 روپے ہو گی۔ جبکہ 82 روپے 54 پیسے کے اضافے سے گھریلو سلنڈر کی قیمت 2 ہزار 879 روپے ہو گی۔ تاہم مارکیٹ ذرائع کے مطابق ملک کے کسی بھی شہر میں اوگرا کی جانب سے اعلان کردہ قیمت پر ایل پی جی دستیاب نہیں ہے۔ ملک کے مختلف شہروں میں ایل پی جی 270 روپے سے 300 روپے کی قیمت میں فروخت ہو رہی ہے۔