Home / تعلیم / گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین ساہیوال میں یوم آزادی کی خصوصی تقریب
commissioner sahiwal salwat saeed

گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین ساہیوال میں یوم آزادی کی خصوصی تقریب

کمشنر ساہیوال ڈویژن سلوت سعید نے کہا ہے کہ کوئی ملک خواتین کو تعلیم یافتہ اور ہنر مند بنائے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔ پاکستان کی ترقی کیلئے ضروری ہے کہ لڑکیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دی جائے اور انہیں مختلف ہنر سکھائے جائیں تاکہ وہ معاشرے کا کار آمد شہری بن سکیں۔

انہوں نے یہ بات گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین ساہیوال میں یوم آزادی کی خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر کالجز پروفیسر محمد مسعود فریدی، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز شباب فاطمہ، پرنسپل پروفیسر ارمغانہ زین اور وائس پرنسپل نغمانہ صدیق سمیت مختلف کالجز کی پرنسپلز، اساتذہ اور طالبات کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے ذہنی طور پر مضبوط بنانے میں اساتذہ کا اہم کردار ہے اور انہیں اپنی یہ ذمہ داری مشنری جذبے سے ادا کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی 50 فی صد آبادی کو ترقی کے دھارے میں شریک کئے بغیر معاشی آزادی کی نعمتوں سے بہرہ مند نہیں ہوا جا سکتا۔

تقریب میں یوم آزادی کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا اور طالبات نے ملی نغمے پیش کئے۔ اس سے پہلے کمشنر سلوت سعید نے کالج میں نئے تعمیر ہونے والے بی ایس بلاک کا بھی افتتاح کیا جو 15کروڑ روپے کی خطیر رقم سے مکمل ہوا ہے اور جس میں 8 شعبوں میں بی ایس کلاسز کا اجراء ممکن ہو گا۔

یوم آزادی کی مناسبت سے گرلز کالج میں شجرکاری بھی کی گئی جس میں کمشنر سلوت سعید نے طالبات کے ہمراہ پودے لگائے۔ بعدازاں انہوں نے شعبہ فائن آرٹس کی طالبات کی طرف سے یوم آزادی کی مناسبت سے بنائی گئی پینٹنگز کی نمائش بھی دیکھی اور طالبات کی صلاحیتوں کو سراہا۔

ایڈیٹر ارشد فاروق

ارشد فاروق بٹ کالم نگار اور بلاگر ہیں۔ ساہیوال ٹائمز پر آپ خبروں کی کیٹیگری اپڈیٹ کرتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔